حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) پانچ ہزار روپئے سرقہ کے الزام میں مار پیٹ کرتے ہوئے ایک پڑوسی نے دوسرے پڑوسی کو ہلاک کردیا۔ میاں پور پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں وسلاوت مانیا اس کے پڑوسی اسلاوت سینو کی مارپیٹ کی تاب نہ لاکر فوت ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دونوں مارتنڈا نگر علاقہ میں رہتے تھے۔ متوفی مانیا سات سال قبل اپنے افراد خاندان کے ساتھ حفیظ پیٹ منتقل ہوا تھا اور مزدوری کرتے ہوئے اپنا گذارا کرتا تھا۔ ایک ہاتھ اور ایک پیر سے عارضی طور پر معذور مانیا اکثر گھر کے پاس ہی رہتا تھا اس کی سینو سے اچھی دوستی تھی اور ایک دوسرے کے مکان کو آنا جانا تھا۔ 12 جون کو سینو کو 5 ہزار روپئے تنخواہ ملی اور اس کی اطلاع مانیا کو ہوئی۔ مانیا نے سینو کے مکان کا رُخ کیا اور سینو کی بیوی دیوی سے 5 سو روپئے بدل مانگے جس پر سینو کی بیوی نے پیسے نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہوئے مانیا کو صرف 2 سو روپئے دیئے۔ 14 جون کو سینو کی بیوی اپنے گاؤں جانے کی تیاری کررہی تھی جب اس نے رقم نکالنے کی کوشش کی تو مکان سے رقم غائب تھی۔ دیوی کو مانیا پر شبہ ہوا اور اس نے اپنے شوہر کو بتایا جس پر برہم سینو نے مانیا کے مکان میں داخل ہوکر اسے گھسیٹتا ہوا باہر لایا اور شدید زد وکوب کیا۔ پڑوسیوں نے مانیا کو بچایا اور اس کے مکان کی گیٹ کو بند کردیا۔ کچھ دیر بعد سینو مکان میں پھر داخل ہوا اور بڑی بے رحمی سے مانیا کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔
جس کی تاب نہ لاکر مانیا نے خون کی الٹیاں کی جسے فوری کنڈا پور کے سرکاری ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں رات دیر گئے وہ فوت ہوگیا۔ میاں پور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع