جکارتہ : انڈونیشیا نے کہا ہے کہ غزہ میں اسپتال کے نیچے سرنگوں کی موجودگی کا اسرائیلی الزام جھوٹ کا پلندہ ہے۔انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان اقبال محمد نے ہسپتال کے حوالے سے ان بیانات کو مسترد کر دیا اور کہا غزہ میں اسپتال کے نیچے سرگوں کی موجودگی کا اسرائیلی الزام بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔اسپتال کو چلانے والی خیراتی انجمن (MER-C) نے اس بات کی تردید کی کہ اسپتال حماس کے زیر استعمال تھا۔ایسوسی ایشن کے صدر سربینی عبد المراد نے جکارتہ میں کہا کہ اسرائیل ہم پر جو الزام لگا رہا ہے وہ غزہ میں انڈونیشیائی اسپتال پر حملہ کرنے کا بہانہ ہو سکتا ہے۔سربینی عبد المرادنے کہا کہ آئی ڈی ایف کے الزامات ہم پر حملوں کو جواز فراہم کرنے کا بہانہ ہیں۔ اس لئے ہم ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔حماس مسلسل اسرائیلی الزامات کی تردید کرتی ہے کہ اس کے جنگجوئوں نے اسپتالوں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کا استعمال کیا۔اسرائیلی حکام کے مطابق، 7 اکتوبر کو اسرائیل کے اندر حماس کے ایک غیر معمولی حملے کے جواب میں، ایک ماہ سے اسرائیل محصور غزہ کی پٹی پر شدید بمباری کر رہا ہے۔