رنگاریڈی ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کے قریب خانگی ٹور آپریٹرس کی چاندی
حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) شہریوں کو رنگاریڈی کلکٹر آفس پہنچنا اب ایک امتحان سے کم نہیں رہا۔ دفتر کے اندرون معاملات تو دور اب دفتر تک رسائی ایک آزمائشی سفر سے کم نہیں جہاں پارکنگ کا موثر انتظام نہ ہونے کے سبب عوام کوکافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں خریداری کیلئے پہنچنے پر شاپنگ مالس مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کرتے ہیں لیکن قلب شہر میں واقع اس بڑے سرکاری دفتر پر پارکنگ کیلئے من مانی رقم وصول کی جارہی ہے۔ جبکہ رنگاریڈی کلکٹریٹ کے قریب ایم ایم ٹی ایس اسٹیشن سے قریب موجود بڑے احاطہ میں خانگی ٹور آپریٹرس کی من مانی اور بسوں کی بے ڈھنگی پارکنگ سے ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین رُخ اختیار کرتا جارہا ہے اور یہاں گاڑیوں کو پارک کرنے والے شہریوں بالخصوص کلکٹر آفس پہنچنے والے افراد سے من مانی پارکنگ فیس حاصل کی جارہی ہے اور شہریوں کو ہراساں و پریشان کرنے کی شکایات بھی وصول کی جارہی ہیں۔ اس پارنکگ مافیا سے بچ کر اپنی گاڑیوں کو پارک کرنے والے شہریوں کو ٹریفک چالانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ارباب مجاز کو چاہیئے کہ وہ اپنی توجہ اس جانب مرکوز کرتے ہوئے پارکنگ کی من مانی رقم وصول کرنے والے خانگی ٹور آپریٹرز اور پارکنگ مافیا کے خلاف چلائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کروائے اور موثر اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کو راحت فراہم کریں۔