ہریش راؤ نے افتتاح کیا، معذورین میں گاڑیوں کی تقسیم
حیدرآباد ۔3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں طلبہ کے لئے دو منفرد اسکیمات کا آغاز کیا۔ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے ٹفن اور ٹیوشن نامی اسکیم شروع کی گئی ہے جس میں نہ صرف کھانے کا انتظام رہے گا بلکہ مختلف مضامین میں طلبہ کو ٹیوشن فراہم کیا جائے گا ۔ وزیر فینانس نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت طلبہ کو ہوم ورک کی مشق کروائی جائے گی تاکہ ان کا تعلیمی معیار بلند ہو۔ انہوں نے لڑکیوں کے ساتھ لڑکوں کی تربیت پر خصوصی تربیت دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ سماج میں اس سلسلہ میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ ہریش راؤ نے گورنمنٹ اسکول فار گرلز کیلئے 25 لاکھ روپئے کی منظوری کا اعلان کیا ۔ اس رقم سے کچن اور پلے گراونڈ کی تعمیر کے علاوہ اسکول میں بنیادی انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی وی اور سیل فون سے دور رہیں کیونکہ اس سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت کے اس دور میں طلبہ کو غیر ضروری سرگرمیوں سے خود کو دور رکھنا چاہئے ۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ پبلک اسکول میں انیمیا ٹسٹ کیلئے قائم کردہ مرکز کا آغاز کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 30 لاکھ روپئے کے صرفہ سے 413 اسکولوں کے 68 ہزار طلبہ کا معائنہ کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں 11 مشینوں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ 8 ویں تا 12 ویں جماعت کے طلبہ میں انیمیا ٹسٹ کے ذریعہ خانگی ٹیلیفون کمپنی ووڈا فون کی جانب سے مفت ادویات تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں اس مرض کے خاتمہ کے لئے خصوصی مہم کی ضرورت ہے۔ اس مرض کے نتیجہ میں طلباء تعلیمی سرگرمیوں سے دور ہوجاتے ہیں ۔ ہریش راؤ نے اسکول کے ایس ایس سی نتائج اور قومی اور ریاستی سطح کے اسپورٹس مقابلوں میں طلبہ کے بہتر مظاہرے کی ستائش کی ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ یہ روز مرہ کی زندگی میں یوگا اور ورزش کو معمول بنائیں تاکہ صحتمند رہ سکیں۔ ستیہ سائی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ٹفن اور ٹیوشن پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ طلبہ کی بہتر تعلیم کے سلسلہ میں والدین کا اہم رول ہوتا ہے ۔ بچوں کی بروقت حوصلہ افزائی کے ذریعہ انہیں بہتر نتائج کے سلسلہ میں رہنمائی کی جاسکتی ہے۔ ہریش راؤ نے بین ا لاقوامی یوم معذورین کی تقریب میں حصہ لیا اور معذورین میں گاڑیاں تقسیم کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معذورین کے ماہانہ وظیفہ کی رقم کو 1500 سے بڑھاکر 3016 روپئے کردیا ہے۔ سدی پیٹ میں 15,000 معذورین میں 4 کروڑ 50 لاکھ رپوئے پنشن کے طور پر تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی سطح پر معذورین کی بہبود کے لئے 840 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ معذورین کے تحفظات کو کے سی آر نے تین فیصد سے بڑھاکر 4 فیصد کردیا ہے ۔ معذورین کی شادی کے موقع پر کلیان لکشمی کے ایک لاکھ روپئے کے علاوہ حکومت اپنے طور پر ایک لاکھ روپئے کی امداد فراہم کر رہی ہے۔ معذورین کی بہبود کے سلسلہ میں قومی سطح پر تلنگانہ کو دو ایوارڈ حاصل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں کلکٹرس کی نگرانی میں ویلفیر بورڈ قائم کئے جائیں گے۔