سرکاری دفاتر کو گوبر کے پینٹ سے رنگا جائیگا: چیف منسٹر یوگی

   

لکھنو: اترپردیش حکومت نے ریاست میں سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لیے روایتی کیمیکل پینٹ کے بجائے قدرتی اور ماحول دوست پینٹ کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے جو گائے کے گوبر سے تیار کیا جائے گا۔چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے محکمہ افزائشِ مویشیان اور ڈیری ڈیولپمنٹ کے جائزہ اجلاس میں حکام کو ہدایت دی کہ سرکاری دفاتر کی عمارتوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کو اب گوبر سے تیار شدہ قدرتی پینٹ سے رنگا جائے۔چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ریاست بھر میں موجود “گاؤ ونش تحفظ مراکز’’ کو خود کفیل بنانے کی ضرورت ہے، اور ان مراکز میں جمع ہونے والے گوبر کو صرف فضلہ سمجھنے کے بجائے ایک قیمتی وسیلہ مانا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز میں گوبر کے مؤثر استعمال سے قدرتی پینٹ آرگینک کھاد اور دیگر گاؤ مبنی مصنوعات تیار کی جا سکتی ہیں، جس سے نہ صرف ماحول کو فائدہ ہوگا بلکہ دیہی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔چیف منسٹر یوگی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ایسے مزید پینٹ تیار کرنے والے پلانٹس قائم کریں تاکہ قدرتی مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے اور سرکاری سطح پر ان کا استعمال بڑھایا جا سکے۔