درکار عملہ کی قلت، موجودہ عملہ کی لاپرواہی، حکومت حالات کو مخفی رکھ رہی ہے، مریضوں کے رشتہ دار پریشان حال
حیدرآباد : سرکاری دواخانوں میں سہولتوں کا فقدان ریاست میں حکومت کی جانب سے مریضوں کے متعلق اختیار کردہ بے اعتنائی والے رویہ کو ظاہر کرنے کے لئے کافی ہے کیونکہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع سے اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں سرکاری دواخانوں کی حالت انتہائی ابتر ہوتی جا رہی ہے اور کسی بھی دواخانہ میں درکار عملہ نہ ہونے کے سبب مریضوں پر توجہ دینا انتہائی دشوار ہے۔بتایاجاتا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ شہر کے دیگردواخانوں اور اضلاع کے دواخانو ںمیں ناکافی عملہ کے سبب مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔دہلی اور مہاراشٹرامیں مریضوں کی اموات کے بعد رشتہ دارو ںکی جانب سے دواخانہ کے انتظامیہ اور حکومت سے تمام مریضوں کے وارڈس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا مطالبہ کیا جانے لگا تھا اور دہلی حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں سی سی ٹی وی کی تنصیب کے مطالبہ کو قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کی تنصیب اور مریض کے رشتہ داروں کو سی سی ٹی وی تک رسائی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور اب ریاست تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں میں بھی سی سی ٹی وی کی تنصیب کے مطالبہ کئے جانے لگے ہیں کیونکہ دواخانہ میں ڈاکٹرس نہ ہونے کے علاوہ طبی عملہ کی عدم موجودگی اور ناکافی عملہ کے سبب پیدا شدہ صورتحال کو حکومت کی جانب سے مخفی رکھنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیںجب کہ مریضوں کا یہ حق ہے کہ وہ اس بات سے آگہی حاصل کریں کہ ان کے رشتہ دار سے ڈاکٹرس نے کتنی مرتبہ بات چیت کی اور مریض کی کتنی مرتبہ جانچ کے اقدامات کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں مریضوں کو کیا ادویات دی جا رہی ہیں۔ریاست تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں کی حالت میں سدھار کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے ہیں تو ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو فوری تمام کوویڈ دواخانوں اور کوویڈ وارڈس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کرتے ہوئے عوام کو سرکاری دواخانوں پر اعتماد کے لئے تیار کرنا چاہئے تاکہ وہ سرکاری دواخانوں میں اپنے علاج کیلئے آمادہ ہوں۔