سرکاری دواخانوں میں غریبوں کو کارپوریٹ علاج کی سہولت

   

وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی کا دعویٰ

حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں غریبوں کو کارپوریٹ طرز کی طبی خدمات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ کے سی آر حکومت نے میڈیکل کالجس اور ملٹی سوپر اسپیشالیٹی دواخانوں کے ذریعہ بہتر طبی خدمات کی فراہمی کو اپنا مقصد بنایا ہے۔ پرشانت ریڈی نے آج نظام آباد کے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل میں 2 کروڑ 14 لاکھ کے صرفہ سے فراہم کردہ سی ٹی اسکیان مشین اور لاکھوں روپئے کے صرفہ سے حاصل کردہ دیگر مشینوں کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر پرشانت ریڈی نے کہا کہ غریبوں کو سی ٹی اسکیان کے بھاری اخراجات سے نجات دلانے کیلئے ضلع گورنمنٹ ہاسپٹل میں مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے جس پر انہیں اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحتمند تلنگانہ کی تشکیل کے مقصد سے حکومت کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں عصری آلات کی فراہمی کیلئے حکومت نے فنڈز جاری کئے ہیں۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں تمام اہم امراض کیلئے علاج کی سہولتیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے گورنمنٹ ہاسپٹل کی ترقی کے اقدامات پر وزیر صحت ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ر