سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس میں اضافہ ، آپریشن تھیٹرس بند

   

ایمرجنسی آپریشن کے لیے متبادل انتظامات ، محکمہ صحت کا ڈاکٹرس کو مشورہ
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد کے سرکردہ سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے آپریشن تھیٹرس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جن دواخانوں میں ڈاکٹرس اور عملہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ان دواخانوں کے آپریشن تھیٹرس کو فوری اثر کے ساتھ بند کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ کے سرکاری دواخانو ںمیں قلب‘گردے اور دیگر عوارض میں مبتلاء مریضوں کے جو آپریشن ہونے تھے انہیں ملتوی کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ای این ٹی دواخانہ کوٹھی میں آپریشن تھیٹرس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں ای این ٹی ہاسپٹل میں ڈاکٹرس اور عملہ کو کورونا وائرس کی توثیق کی رپورٹ موصول ہوئی تھی۔ عثمانیہ دواخانہ میں موجود آپریشن تھیٹرس میں جہاں یومیہ 25 بڑے اور 100 سے زائد چھوٹے آپریشن کئے جاتے تھے انہیں 60 فیصد تک کم کردیا گیا ہے علاوہ ازیں نمس میں اعضائے رئیسہ کی تبدیلی کے علاوہ دیگر آپریشنس کو روک دیا گیا ہے۔ سرکاری دواخانو ںمیں آپریشن کو روک دیئے جانے سے غریب شہری جو اپنے آپریشن کے منتظر تھے انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس اور عملہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد سرکاری دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے کئی ڈاکٹرس آپریشن کرنے سے منع کررہے ہیں کیونکہ آپریشن کے دوران کورونا وائرس منتقل ہونے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں اسی لئے ان کی سفارش کی بنیاد پر ہی بیشتر سرکاری دواخانوں میں آپریشن روک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی واضح تحریری ہدایات جاری نہ کئے جانے کے باوجود محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ڈاکٹرس سے سابقہ تجربہ کی بنیاد پر اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور سال گذشتہ دواخانوں میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کو نظر میں رکھتے ہوئے آپریشن تھیٹرس کو بند کیا جا رہاہے اور جن لوگوں کے آپریشن کے لئے فوری اقدامات لازمی ہیں ان کے لئے متبادل انتظامات کئے جانے لگے ہیں تاکہ طبی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی کا شہریوں کو شکار ہونے سے بچایا جاسکے۔