محکمہ تعلیمات کا فیصلہ، ڈی ای اوز اور ایم ای اوز کو احکام کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی محکمہ تعلیمات نے ماہ مارچ 2020ء میں منعقد شدنی امتحانات ایس ایس سی کیلئے سرکاری مدارس اور گورنمنٹ جونیر کالجس میں ہی امتحانی مراکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ریاست کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس اور منڈل ایجوکیشن آفیسرس کو ضروری احکامات جاری کئے گئے اور اس بات کی بھی ہدایات دی گئیں کہ اگر گورنمنٹ اسکولس یا گورنمنٹ جونیر کالجس نہ پائے جانے کی صورت میں ہی پرائیویٹ اسکولس میں امتحانی مراکز قائم کئے جائیں۔ علاوہ ازیں سی سی کیمرے پائے جانے والے اسکولس و جونیر کالجس میں امتحانی مراکز قائم کرنے پر اولین ترجیح دیں اور مناسب سہولتیں نہ پائے جانے والے اسکولوں و جونیر کالجوں میں امتحانی مراکز بنائے جانے کی صورت میں سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا اور کہا کہ امتحانی مراکز بنانے سے قبل ہی ان مدارس و جونیر کالجوں کا معائنہ کرکے درکار سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے کوئی سہولتیں فراہم نہ ہونے کی صورت میں سہولتیں فراہم کرتے ہوئے امتحانی مراکز بنائے جانے چاہئے۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم نے اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرنے کی ریاستی محکمہ سرکاری امتحانات کو بھی ضروری ہدایات جاری کئے۔