سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے عہد پر کوئی شبہ نہیں ‘ کے ٹی آر

   

ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں سے ملاقات۔ جاب کیلنڈر جاری کرنے کا تیقن
حیدرآباد 20 نومبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے آج سرکاری ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں سے ملاقات کی ۔ یہ امیدوار تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے کے ٹی آر سے بات چیت کی ۔ کے ٹی آر نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سرکاری ملازمتوں کے خواہاں افراد سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے جو مجھ سے ملاقات کیلئے آئے تھے ۔ میں نے انہیں تیقن دیا ہے کہ ان کا مستقبل تابناک ہے اور انتخابات کے فوری بعد ان سے دوبارہ ملاقات ہوگی ۔ کھلے ماحول میں ہوئی بات چیت میں امیدواروں نے کے ٹی آر سے جاب کیلنڈر سے متعلق کئی سوالات کئے ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن بورڈ کی تشکیل ‘ منسوخ شدہ اور ملتوی شدہ امتحانات کے تعلق سے بھی بات چیت ہوئی ۔ کے ٹی آر نے انہیں تیقن دیا کہ وہ 4 نومبر کی صبح 10 بجے اشوک نگر میں ان سے دوبارہ ملاقات کرینگے اور سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے عہد پر کوئی شبہ کی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کانگریس حکومتوں نے سالانہ صرف 1000 تقررات کئے تھے لیکن بی آر ایس حکومت نے 9.5 سال میں سالانہ 16 ہزار تقررات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو لاکھ 30 ہزار سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے ۔ 1,62,000 بھرتیاں پہلے ہی کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے نوجوان طلبا پر زور دیا کہ وہ حقائق کو جانیں اور کانگریس کے جھوٹے پروپگنڈہ سے ہوشیار رہیں جو اپنی سیاست چمکانے ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں کا استحصال کر رہی ہے ۔ نوجوانوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ اس مسئلہ پر تفصیلی بات ہوئی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ طلبا نے جو تجاویز پیش کی ہیں ان پر مثبت غور کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ گروپ 2 ملازمتوں میں مزید 1000 کا اضافہ کیا جائیگا اور جلد اعلامیہ جاری ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر واپسی کے بعد جاب کیلنڈر بھی جاری کیا جائیگا ۔