سکریٹریٹ کے 122 ملازمین کی ترقی ، تقریب سے چیف سکریٹری سومیش کمار کا خطاب
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے سرکاری ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کی اجتماعی ترقی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ویژن کے مطابق ترقی دینے کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ تلنگانہ کا نام روشن کرنا چاہئے ۔ تلنگانہ سکریٹریٹ ایمپلائیز اسوسی ایشن کی جانب سے 122 ملازمین کو ترقی دیئے جانے پر چیف سکریٹری کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری نے ملازمین سے خواہش کی کہ وہ ریاست کے غریب عوام کی مددکیلئے مزید بہتر اور شفافیت کے ساتھ کام کریں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر تمام سرکاری محکمہ جات میں ملازمین کے پروموشن کا کام شروع کیا گیا ہے۔ پروموشن کی اہلیت کی مدت تین سال سے گھٹاکر دو سال کردی گئی اور اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے ۔ چیف منسٹر نے ملازمین کیلئے 30 فیصد پی آر سی پر عمل آوری کا اعلان کیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جی اے ڈی کو ہدایت دی کہ تمام ملازمین کے لئے ڈرافٹنگ ، نوٹس ، کمپیوٹر اسکلس اور دیگر امور کی ٹریننگ کا اہتمام کریں۔ صدر تلنگانہ سکریٹریٹ ایمپلائیز اسوسی ایشن نریندر راؤ نے چیف منسٹر اور چیف سکریٹری سے اظہار تشکر کیا ۔ پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی وکاس راج اور سکریٹریٹ ملازمین نے تقریب میں شرکت کی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سکریٹریٹ کے ملازمین پروموشن کے لئے جدوجہد کر رہے تھے ۔ انہوں نے چیف سکریٹری کے دفتر کے روبرو دھرنا منظم کیا تھا جس کے بعد 122 ملازمین کو ترقی دیتے ہوئے احکامات کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ R