سرینواس ریڈی و کرشنا رائو نے مجھے بی جے پی چھوڑنے کونسلنگ کی

   

بی جے پی میں شمولیت کے لیے تیار نہیں، کانگریس کی طرف جھکائو : ایٹالہ راجندر کا بیان
حیدرآباد: 29 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس سے معطل شدہ قائدین پی سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا رائو کو بی جے پی میں شامل کرنے کی مہم میں مصروف رکن اسمبلی ایٹلا راجندر نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں قائدین نے بی جے پی میں شمولیت سے اتفاق نہیں کیا الٹا انہیں بی جے پی چھوڑنے کے لیے کونسلنگ کی۔ ایٹلا راجندر دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں قائدین کو شامل کرنے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے صدرنشین ہیں۔ حالیہ عرصہ میں انہوں نے سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا رائو سے خفیہ مقامات پر طویل ملاقاتیں کیں لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ مہم کی کامیابی سے مایوس ہوکر آخرکار راجندر نے میڈیا کے روبرو انکشاف کیا کہ سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا رائو نے انہیں بی جے پی چھوڑنے کی صلاح دیتے ہوئے کونسلنگ کی ہے۔ راجندر کے مطابق سرینواس ریڈی نے کہا کہ کھمم ضلع میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے جبکہ بی جے پی کا موقف انتہائی کمزور ہے۔ راجندر کے مطابق سرینواس ریڈی اور جوپلی تقریباً روزانہ ان سے بات چیت کررہے ہیں اور وہ دونوں مجھے الٹا کونسلنگ کررہے ہیں کہ بی جے پی چھوڑدوں۔ دونوں قائدین کو کانگریس سے روکنے کی میں نے کوشش کی اور دونوں بی جے پی میں شامل ہونے تیار نہیں ہیں، انہیں بعض امور پر اختلاف ہے۔ راجندر نے کہا کہ کمیونسٹ نظریات کے حامل افراد کا ضلع کھمم میں غلبہ ہے۔ بائیں بازو کی جماعتوں اور تلگودیشم کا ضلع میں اثر ہے۔ راجندر کے مطابق پرینکا گاندھی و سرینواس ریڈی کی ملاقات ہوچکی ہے۔ اس سے قبل میں نے کھمم پہنچ کر ان سے ملاقات کی تھی۔ راجندر کے اس انکشاف کے بعد یہ بات طے دکھائی دے رہی ہے کہ سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا رائو کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے کیونکہ ان کا واحد ایجنڈہ کے سی آر کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی اور ریونت ریڈی کی امریکہ سے واپسی کے بعد یہ قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ر