سری رام ساگر کے 22 دروازوں سے فاضل پانی کا اخراج

   

ضلع نظام آباد کے نشیبی علاقوں کی صورتحال انتہائی ابتر، راحت کاری اقدامات جاری

نظام آباد :27؍ جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد میں گذشتہ دو دنوں سے جاری بارش کے باعث ضلع کے آبپاشی پراجیکٹس لبریز ہوچکے ہیں ۔ گذشتہ دو دنوں سے جاری بھاری بارش کی وجہ سے نظام آباد ضلع کے آرمور ، بالکنڈہ اسمبلی حلقوں کے کئی سڑکیں متاثر ہوچکی ہے ۔ نظام آباد ضلع کے ویلپور منڈل کے آرمور سے جگتیال جانے والی قومی سڑک پڑگل کی طرف جانے والی روڈ کو مکمل طور پر بارش سے تباہ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے آرمور ، جگتیال کے درمیان آمد و رفت کو بند کردیا گیا اسی طرح آرمور ، نرمل کے درمیان بارش کی وجہ سے سری رام ساگر بیاک واٹر کا پانی سڑک پر سے بہنے کی وجہ سے نرمل ، آرمور کے درمیان بھی آمد و رفت کو بند کردیا گیا ۔ وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے آج ویلپور منڈل سے آرمور جگتیال جانے والی سڑک پر سے پانی بہنے اور سڑکیں بہہ جانے کے علاقوں کا پولیس ، ایریگیشن اور اے سی پی کے عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کیا اور اس علاقہ کی عوام سے بھی بات چیت کی ۔ ضلع کے آرمور منڈل کے پیپری میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اس کے علاوہ ضلع نظام آباد کے نشیبی علاقہ کی صورتحال انتہائی ابتر ہے نظام ساگر کنال کے علاقہ میں واقع مقیم 400 خاندانوں کو یہاں سے محفوظ مقام منتقل کیا گیا اور پھولانگ ندی کے دونوں جانب رہنے والے مکینوں کو فوری یہاں سے منتقل ہوجانے کی ہدایت دی گئی ۔ نظام آباد سے آرمور مانک بھنڈار ، مبارک نگر ، گوپن پلی سڑک پر بڑے پیمانے پر پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ رامڑگو پراجیکٹ کی سطح آب مکمل ہونے کی وجہ سے اس علاقہ کی عوام کو بھی چوکس کردیا گیا ۔ ۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے بتایا کہ ضلع میں اب تک 7 مقامات پر 76 خاندانوں کے 273 افراد کو محفوظ مقام منتقل کیا گیا اور ویلپور کے مدرسہ جامعہ دارالعلوم نعمانیہ کے طلباء کو شادی خانہ میں رکھا گیا ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے نشیبی علاقوں کے 60 خاندانوں کے 144 افراد کو گوپن پلی ایمپرئیل گارڈن میں منتقل کیا گیا ۔ اسی طرح بودھن ٹائون میں 20افراد کو نوی پیٹ میں 17 افراد کو مینڈورہ ، دودھ گائوں میں 14 افراد کو اور رنجل ، باگلے پلی کے 6 افراد کو رہیابل سنٹر منتقل کیا گیا ۔ ضلع میں صورتحال مکمل قابو میں ہے نظام آباد ضلع میں بارش کی وجہ سے ضلع کے اہم پراجیکٹ سری رام ساگر کے 22 دروازوں کو کھولتے ہوئے نچلے علاقوں کو پانی چھوڑ دیا گیا ۔ اسی طرح نظام ساگر پراجیکٹ کے بھی دروازے کھول دئیے گئے ضلع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔