شدید بارش، تالاب میں شگاف کی وجہ کئی راستے منقطع، ضلع انتظامیہ چوکس
نظام آباد: ضلع نظام آباد میں گزشتہ دو دونوں سے جاری بارش کی وجہ سے ضلع کے تمام تالاب لبریز ہوچکے ہیں۔ سری رام ساگر پراجیکٹ کی سطح آب مکمل ہونے کی وجہ سے 32 دروازے کھولتے ہوئے 2 لاکھ کیوسک پانی کو نچلے حصے میں چھوڑا جارہا ہے۔ پراجیکٹ کی جملہ سطح آب 1091 ہے اور پراجیکٹ میں موجودہ سطح آب 90 ٹی ایم سی ہونے کی وجہ سے 32 دروازے کھلو دیئے گئے اور اس کے علاوہ ضلع کے آرمور حلقے کے ویلمال کے تالاب میں شگاف پڑنے کی وجہ سے مچکور اور بھیمگل کے درمیان سڑک پر پانی بہہ رہا ہے اور عوام کی آمد و رفت بھی منقطع ہوگئی ہے۔ نرمل ضلع میں ہورہی بارش گڈننا واگو سے بھی پانی بڑے پیمانے پر پانی سری رام ساگر کو چھورا جارہاہے۔ گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے نظام آباد کے نشیبی علاقے میں بھی پانی جمع ہورہا ہے۔ احمد پورا کالونی، حبیب نگر، آٹو نگر، اکبر باغ نگر، کھوجا کالونی، اسلام پورہ و دیگر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ بودھن روڈ کے ریلائنس پٹرول پمپ سے لے کر محبوب سبحانی چھلے تک پانی جمع ہونے کی وجہ سے جھیل کا منظر نظر آرہا ہے۔ بارش کے حالات کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوام کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تالابوں اور کنٹوں کے اطراف و اکناف نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بارش کے حالات کو دیکھتے ہوئے ضلع کے وزیر مسٹر پرشانت ریڈی، حیدرآباد سے نظام آباد کے لیے روانہ ہوئے ہیں اور یہ سری رام ساگر پہونچ کر حالات کا جائزہ لیں گے اور ضلع کلکٹر نارائن ریڈی بھی پوچم پاڈ کے لیے پہنچ کر حالات کا جائزہ لیں گے۔ ضلع میں ہورہی بارش کی وجہ سے عوام کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ضلع میں 24 گھنٹے سے تیز رفتار کی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔