سری سیلم کے پانچ اور ناگرجناساگر کے چھ گیٹس کھول دیئے گئے

,

   

مسلسل بارش کے نتیجہ میں پانی کے زبردست بہاؤ کے پیش نظر عہدیداروں کے احتیاطی اقدامات
حیدرآباد۔26۔ ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگائنہ کے مختلف مقامات کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کرناٹک وغیرہ میں ہونے والی مسلسل بارش کے نتیجہ میں بالائی علاقوں (یعنی کرناٹک سے) سے سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں زبردست اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے فی الفور سری سیلم پراجکٹ عہدیداروں نے احتیاطی اقدامات اختیار کرتے ہوئے فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کیلئے سری سیلم پراجکٹ سے پھر ایک بار 5 گیٹس کھول دیئے ۔ علاوہ ازیں سری سیلم پراجکٹ سے فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کے باعث پھر ایک مرتبہ ناگرجنا ساگر پراجکٹ کے چھ گیٹس کھول دیئے گئے ۔ سری سیلم پراجکٹ اور ناگرجنا ساگر پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق سری سیلم پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ یعنی (انفلو ۔ پانی کی آمد) (1.69) لاکھ کیوسکس رہنے پر فاضل پانی کے طور پر (2.25) لاکھ کیوسکس پانی کا اخراج زیریں سطح پر یعنی دریائے کرشنا میں عمل میں لایا جارہا ہے جس کے باعث ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب کو پیش نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر چھ گیٹس کھول دیئے گئے ہیں جبکہ بتایا جاتا ہے کہ ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں پانی کی آمد (انفلو) (1.50) لاکھ کیوسسکس رہنے پر اخراج (آؤٹ فلو) 65 ہزار کیوسکس عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ نارائن پور پراجکٹ کی سطح آب بھی تقریباً مکمل ہوجانے کی روشنی میں فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کیلئے پراجکٹ انجنیئروں کی جانب سے نارائن پور پراجکٹ کے (13) گیٹس کھول دیتے ہیں۔ اس پراجکٹ میں پانی کی آمد (انفلو) (90) ہزار کیوسکس اور پانی کا اخراج (آؤٹ فلو) (1,15,960 ) کیوسک عمل میں لایا جارہا ہے ۔ نارائن پور پراجکٹ کی جملہ سطح آب (492.252) میٹرس رہنے پر موجودہ سطح آب (492.10) میٹرس پائی جاتی ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ چورالا پراجکٹ کے انجنیئروں نے بھی پر اجکٹ کی سطح اب کو دیکھتے ہوئے فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کیلئے تین گیٹس کھول دیئے جبکہ چورالا پراجکٹ میں پانی کی آمد (انفلو) (67) ہزار کیوسکس پائے جانے پر پانی کا اخراج (آؤٹ فلو) (70) ہزار کیوسکس عمل میں لایا جارہا ہے۔