سری لنکا:سرکاری ملازمین چار دن دفتروں میں کام کریں گے تین دن کھیتی باڑی کریں گے

   

کولمبو: شدید معاشی بحران کا سامنا کرنے والے سری لنکا میں سرکاری ملازمین کو اب ہفتے میں صرف چار دن کام کرنا ہوگا اور باقی تین دن کھیتی باڑی کرنی ہوگی۔کابینہ نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ سرکاری ملازمین کے لئے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں ہوں گی۔ تین غیر کام کے دنوں کے دوران سرکاری شعبہ کے ملازمین کو ملک میں (خوراک) کی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی کام کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔دوسری جانب ڈیلی مرر نے منگل کو اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کابینہ نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ جو سرکاری ملازمین کام کیلئے بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں انہیں پانچ سال کی بغیر تنخواہ کی چھٹی دی جائے گی۔بیرون ملک کام کے لیے جانے والے سرکاری ملازمین کی واپسی پر انہیں ترقی یا ریٹائرمنٹ کے فوائد ملیں گے ۔واضح رہے کہ سری لنکا، جو 1948 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سب سے شدید اقتصادی بحران کا سامنا کر رہا ہے ، خوراک، ایندھن اور ادویات کی بڑے پیمانے پر قلت کا سامنا کر رہا ہے ۔