سری لنکاکا جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سوئپ

   

پورٹ ایلزبتھ ۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے میزبان جنوبی آفریقہ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں 8 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی ہے جیسا کہ یہاں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 197 رنز کو سری لنکائی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔ اوشاڈا فرنانڈو (75) اور کوسل منڈیس (84) کی ناقابل تسخیر نصف سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے 197/2 کے ذریعہ کامیابی حاصل کرلی۔ سیریز میں 2-0 کی کامیابی کے بعد کوسل منڈیس کو مقابلے کا اور کوسل پریرا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ جنوبی آفریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 222 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکا 154 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی تاہم دوسری اننگز میں آفریقہ کو 128 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد سری لنکا نے مقابلے اور سیریز میں اپنی تاریخی کامیابی کی راہ ہموار کی۔