کولمبو : سری لنکانے پون چکی سے بجلی تیار کرنے کا ٹھیکہ چینی فرم سے لے کر ہندوستان کے حوالے کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین سے واپس لیا گیا یہ منصوبہ ہندوستان کو ملنے پر ہندوستانی میڈیا اسے نئی دہلی کی فتح قرار دے رہا ہے۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ابنائے پالک میں 3 چھوٹے جزیروں پر پون چکی کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا ایک منصوبہ 2019 ء میں ایک چینی فرم کو دیا گیا تھا، جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔لیکن ہندوستان کے ساحل کے اتنے قریب چینی سرگرمیوں پر نئی دہلی کے احتجاج کے باعث اس پر کام شروع نہیں ہوسکاتھا۔ ہندوستانی وزیر خارجہ کے کولمبو کے دورے کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تنصیبات کی تعمیر کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔