سری لنکا ٹی 20 سیریز میں ہندوستان کیلئے آسان حریف نہیں

   

کولمبو ۔ سری لنکا نے ہندوستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے لیکن ان میں سے وہ 11 کھلاڑی کون ہوں گے، جو ٹیم انڈیاکو چیلنج کرنے میدان میں اتریں گے؟ سری لنکا نے جس ٹیم کا انتخاب کیا ہے اسے دیکھ کر یہ بات بالکل واضح ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اس کی پلیئنگ الیون کیا ہو سکتی ہے؟ ایک یا دوکھلاڑی ہی ہوں گے جو میچ کے حالات اور حالات کے مطابق بدلتے نظر آئیں گے۔ ان ممکنہ 11 کھلاڑیوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں، جن کے ساتھ سری لنکا اپنا پلیئنگ الیون بنا سکتا ہے۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کیسی ہے؟ سری لنکن ٹیم میں بیٹنگ کی شروعات کی ذمہ داری پاتھم نسانکا اور اویشکا فرنینڈوکے کندھوں پر آسکتی ہے۔ یہ دونوں کھلاڑی حال ہی میں ختم ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ میں زبردست فارم میں رہے۔ نسانکا نے11 میچوں میں 152.75 کے اسٹرائیک ریٹ سے ایک سنچری اوردو نصف سنچریوں کی مدد سے 333 رنز بنائے ہیں جبکہ فرنینڈو نے ایل پی ایل 2024 کے 11 میچوں میں 162.60 کے اسٹرائیک ریٹ سے 5 نصف سنچریوں کے ساتھ 374 رنز بنائے ہیں۔ کوسل مینڈس کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ لنکا پریمیئر لیگ 2024 میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے11 میچوں میں 149.54 کے اسٹرائیک ریٹ سے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کے ساتھ 329 رنز بنائے ہیں۔ کپتان چارتھ اسالنکا کو مڈل آرڈرکی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جنہوں نے ایل پی ایل 2024 میں 157 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے۔ اسلانکا کے علاوہ دنیش چندیمل بھی مڈل آرڈر میں بیٹنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے ایل پی ایل 2024 میں 168 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے 287 رنز بنائے ہیں۔ بھانوکا راجا پاکسے مڈل آرڈر میں تیسرے بیٹر ہوں گے۔ انہوں نے ایل پی ایل 2024 میں 163 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے 236 رنز بنائے ہیں۔ داسن شنکا اورکامندو مینڈس کو آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔ ایل پی ایل 2024 میں شانکا کا اسٹرائیک ریٹ 186.20 رہا ہے۔ میڈیم فاسٹ بولرکے طور پر انہوں نے10 میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اسورو اڑانا ٹیم کے دوسرے آل راؤنڈر ہوسکتے ہیں، جنہوں نے ایل پی ایل 2024 میں 14 وکٹیں لینے کے علاوہ 164 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔ اسپنر وینندو ہسرنگا بولنگ میں پہلا بڑا چہرہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ایل پی ایل 2024 میں کھیلے گئے 10 میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔ متھیشا پتھیراناکو فاسٹ بولروں کی قیادت کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جنہوں نے ایل پی ایل 2024 میں 9 میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔ مہیش ٹیکشنا کو ٹیم میں دوسرے اسپنرکے طور پر جگہ مل سکتی ہے، جس نے ایل پی ایل2024 میں 7.35 کی اکانومی سے 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فاسٹ بولنگ میں پتھیرانا کو دشمنتھا چمیراکی حمایت حاصل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جنہوں نے ایل پی ایل 2024 کے 5 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔