سری لیلا کا بالی ووڈ میں کارتک آریان کے ساتھ ڈیبیو

   

ممبئی : ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اور شاندار ڈانسر سری لیلا بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ وہ اپنی پہلی بالی ووڈ فلم میں کارتک آریان کے ساتھ نظر آئیں گی۔ انوراگ باسوکی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کا ٹیزرگزشتہ ماہ ریلیزکیا گیا تھا، جس نے مداحوں میں زبردست جوش و خروش پیدا کردیا۔ فلم کی شوٹنگ اس وقت جاری ہے اور ناظرین کارتک اور سری لیلاکی نئی آن اسکرین جوڑی کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔ جبکہ سری لیلا کی بالی ووڈ ڈیبیو پہلے ہی خبروں میں جگہ بنا چکا ہے، اب وہ ایک اور وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کارتک آریان کے خاندانی تقریب میں خوشی سے رقص کررہی ہیں۔ یہ تقریب گزشتہ رات منعقد کی گئی تھی اور اطلاعات کے مطابق یہ کارتک کی بہن سے متعلق ایک خاص جشن تھا۔ سری لیلا کی اس خانگی تقریب میں موجودگی اورکارتک کے خاندان کے افراد کے ساتھ خوشگوار انداز میں گھلنے ملنے نے ان افواہوں کو مزید تقویت دی ہے کہ دونوں کے درمیان محض کام سے بڑھ کر کوئی رشتہ ہو سکتا ہے۔ اگرچہ سری لیلا اورکارتک نے ان قیاس آرائیوں پرکوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن وائرل ویڈیو نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچا دی ہے اور مداح کسی بھی ممکنہ تصدیق کے منتظر ہیں اور دونوں کے درمیان محبت کا اندازہ لگارہے ہیں۔پیشہ ورانہ محاذ پر سری لیلا کے پاس ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری میں کئی بڑی فلمیں ہیں۔ وہ روبن ہوڈ، ماس جاتھارا اور استاد بھگت سنگھ جیسی انتہائی متوقع شاندار فلموں میں نظر آئیں گی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نئی نسل کی سب سے زیادہ مطلوب اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ جیسے جیسے سری لیلا اپنے کیریئر میں ایک بڑا قدم اٹھا رہی ہیں اور بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنا رہی ہیں، مداح بے صبری سے انہیں کارتک آریان کے ساتھ بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے منتظر ہیں۔ آیا ان کی محبت کی افواہیں سچ ہیں یا نہیں، یہ تو وقت ہی بتائے گا، لیکن فی الحال سری لیلا اسکرین پر بھی اور اسکرین کے باہر بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔