سری نگر کے لال چوک میں ’گل داؤد‘ شو کا اہتمام

   

سری نگر۔ 18 اکتوبر (یو این آئی) شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی نے سری نگر میونسپل کارپوریشن اور ایس سی سی ایل کے اشتراک سے ہفتہ کو یہاں تجارتی مرکز تاریخی لال چوک میں رنگا رنگ گل داودشو کا اہتمام کیا۔ صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے اس شو کی افتتاحی تقریب انجام دی۔ انہوں نے اس موقع پر زرعی یونیوسٹی اور ایس ایم سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ زرعی یونیورسٹی کی لوگوں تک پہنچنے کی ایک اہم پہل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہکشمیر میں موسم خزاں بھی موسم سرما اور موسم گرما جیسا اہم ہے اور اس پہل سے شعبہ سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ یہ گل دائود کا تیسرا شو ہے اور اس پہل کو آگے بڑھانے کے لئے گذشتہ تین برسوں سے کافی محنت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے لوگوں تک پہنچنے کے لئے پورے لال چوک کو مختلف رنگوں کے پھولوں سے سجایا ہے ۔