سری کانت کوشکست ، ہندوستانی مہم ختم

   

برمنگھم۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت کی کوارٹر فائنل میں شکست کے ساتھ آل انگلینڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں ہندوستان کی مہم ختم ہوگئی اور ہندوستان کا گزشتہ18 برسوں میں آل انگلینڈ کے خطاب کا خواب پھر سے ٹوٹ گیا۔ اس سے پہلے سائنا نہوال بھی کوارٹر فائنل میں اپنا مقابلہ گنوا بیٹھی تھیں۔ سائنا اور سری کانت دونوں کا ہی کوارٹر فائنل میں چوٹی کی کھلاڑیوں سے سامنا ہوا اور دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں کو راست گیموں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ساتویں سیڈ سری کانت کو ٹاپ سیڈ جاپان کے کینتو موموتا نے44 منٹ میں21-12 21-16 سے شکست دی۔ سری کانت کو عالمی نمبر ایک کھلاڑی موموتا کے خلاف 14 مقابلوں میں11 ویں مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری کانت پورے میچ میں ایک بار بھی جاپانی کھلاڑی کو چیلنج پیش کرتے ہوئے نظر نہیں آئے اور موموتا نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ٹورنمنٹ میں گزشتہ سال کی سیمی فائنلسٹ پی وی سندھو کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔