سست انتخابی مہم چلانے والے امیدواروں کو بدل دیا جائیگا

   

چیف منسٹر کا انتباہ ۔ دیوالی تک حالات سازگار بنالینے کی مہلت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے قومی سربراہ چیف منسٹر کے سی آر نے آج یعنی ہفتہ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بجائے پرگتی بھون میں قیام کرکے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا اور سست انتخابی مہم والے امیدواروں کو وارننگ دی ۔ دیوالی تہوار تک اپنا رویہ تبدیل کرنے پر زور دیا ورنہ بی فارم واپس لے کر دوسرے امیدوار کو انتخابی میدان میں اتار دینے کا الٹی میٹم دیا ۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا کہ چیف منسٹر نے آج امیدواروں اور مختلف حلقہ انچارجس سے فون پر بات کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ مختلف ایجنسیوں، انٹلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر پارٹی امیدواروں کو مشورے دئیے اور کانگریس اور بی جے پی کے ناراض قائدین میں چند سے کے سی آر نے خود بات کی ۔ اس کے علاوہ وزراء کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور ایم ایل سی کویتا کو بھی چند قائدین سے تبادلہ خیال کی ذمہ داری دی گئی ۔ 115 امیدواروں کیاعلان کے بعد سے ان کی کارکردگی ناراض قائدین کو منانے کی کوشش انتخابی مہم کے طریقہ و مقامی مسائل پر سروے کرایا گیا ہے ۔ سروے میں پیچھے رہ گئے امیدواروں کو انتباہ دیا ہے اور دیوالی تک کارکردگی بہتر نہ بنانے پر کسی اور قائد کو بی فارم دینے کی دھمکی دی ہے ۔ امیدواروں کو آرام کی بجائے 30 نومبر تک عوام کے درمیان رہنے کی ہدایت دی ۔ ۔ن