مرکزی مجلس شوریٰ میں تلنگانہ سے 3 نمائندگی
حیدرآباد۔/30 اپریل، (سیاست نیوز) جناب سید سعادت اللہ حسینی کا دوسری میعاد کیلئے امیر جماعت اسلامی ہند کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ آئندہ میقات برائے 2023-27 چار سال کیلئے جناب سعادت اللہ حسینی کو مجلس نمائندگان نے امیر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ مجلس نمائندگان کے اجلاس میں امیر جماعت کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ گذشتہ میقات میں پہلی مرتبہ انہیں امیر جماعت منتخب کیا گیا تھا۔ جناب سعادت اللہ حسینی کا تعلق مہاراشٹرا ناندیڑ سے ہے لیکن وہ طویل عرصہ سے حیدرآباد میں مقیم ہیں۔ پیشہ کے اعتبار سے انجینئر اور اسلامی اسکالر کے ساتھ بہترین مقرر اور کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ جماعت اسلامی کی امارت سنبھالنے والے کم عمر قائدین میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ زمانہ طالب علمی سے وہ طلباء تنظیم سے وابستہ رہے اور اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن کے قومی صدر رہ چکے ہیں۔ اسی دوران نئی میقات کیلئے مرکزی مجلس شوریٰ کے 24 ارکان کا انتخاب کیا گیا جن میں تلنگانہ سے جناب ملک معتصم خاں، جناب محمد عبدالجبار صدیقی اور ڈاکٹر فہیم الدین احمد شامل ہیں۔ مرکزی مجلس شوریٰ میں دہلی، کرناٹک، راجستھان، کیرالہ ، جھارکھنڈ، مہاراشٹرا، اُترپردیش، بہار اور ٹاملناڈو کو نمائندگی دی گئی ہے۔ر