مدینہ منورہ کے قریب عمرہ زائرین کی بس نے ڈیزل ٹینکر کو ٹکر دے دی۔ رات دیر گئے خوفناک حادثے میں بس شعلہ پوش ۔ ایک زائر شدید زخمی
حیدرآباد : 17 نومبر ( سیاست نیوز) سعودی عرب میں پیر کی صبح پیش آئے خوفناک بس حادثہ میں حیدرآباد کے 45 عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق بس مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کی جانب روانہ ہوئی تھی، مدینہ منورہ سے 25کلو میٹر دور بس حادثہ کا شکار ہوگئی اور بس ڈرائیور نے ڈیزل ٹینکر کو ٹکر دیدی ۔ حادثہ کے فوری بعد بس میں آگ لگ گئی اور اس میں موجود 45 زائرین جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک عمرہ زائر شدید زخمی ہوگیا ۔یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ عمرہ کیلئے روانہ ہونے والے شیخ نصیر الدین کے ایک ہی خاندان کے 18افراد بھی اس حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ زائرین حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے المکہ ٹور اینڈ ٹراویل ، باب الحرمین حفصہ ٹور اینڈ ٹراویل اور ایک ٹراویل ایجنٹ محمود بھائی کی جانب سے 9 نومبر کو مکہ کیلئے روانہ ہوئے تھے اور تمام زائرین عمرہ کے مناسک کے اختتام کے بعد کل رات دیر گئے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ مدینہ منورہ سے 25 کلومیٹر دور مفریحت علاقہ میں جو جنگ بندر علاقہ سے قریب ہے بس حادثہ کا شکار ہوگئی اور آئیل ٹینکر کو ڈرائیور نے ٹکر دے دی ۔ یہ حادثہ سعودی عرب میں رات 1:30بجے جب کہ ہندوستان کی اولین ساعتوں 4:00بجیپیش آیا ۔ زائرین کی بس شعلہ پوش ہونے کے منظر کو وہاں سے گزرنے والے دیگر زائرین نے اپنے ویڈیو میں قید کیا اور سعودی عرب کی پولیس کو بھی اس بات کی اطلاع دی تھی ۔ ہنگامی حالت میں سعودی پولیس ، فائرسروسیس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی جانب سے خصوصی ٹیموں نیوہاں پہنچ کر جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور کئی افراد کو مختلف دواخانوں میں منتقل کیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہر حیدرآباد سے جملہ 54 زائرین چار خانگی ٹراویل ایجنٹس کے ذریعہ مکہ مکرمہ روانہ ہوئے تھے اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد 46 زائرین سعودی کی خانگی ٹراویل بس سے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئے تھے جبکہ چار زائرین نے اس گروپ سے ہٹ کر کار میں جانے کا فیصلہ کیا اور چار زائرین مکہ مکرمہ میں رک گئے ۔ اس حادثہ میں محمد عبدالشعیب بال بال بچ گئے اور زخمی ہونے پر انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے کی اطلاع حیدرآباد میں موجود رشتہ داروں کو موصول ہونے پر ان کے مکانات میں غم کی لہر دوڑ گئی اور فوری طور پر زائرین کے افراد خاندان ملے پلی میں واقع المکہ ٹور اینڈ ٹراویل کے دفتر پہنچ گئے ، جس کے نتیجہ میں وہاں پر کشیدگی پھیل گئی اور پولیس فورس کو بھی وہاں تعینات کردیا گیا ۔ اس حادثہ میں جاں بح ہونے والے افراد کی شناخت رحمت بی ( ساکن گاندھی گنج کالونی) ، مریم فاطمہ ( نلہ کنٹہ مشیرآباد ) ، سارہ بیگم (کالا پتھر فلک نما) ، شہناز بیگم (ٹپہ چبوترہ کاروان) ، شوکت بیگم ، محمد مولانا دونوں کا تعلق ٹپہ چبوترہ جھرہ سے ہے جبکہ سارہ محمود العمودی ( آصف نگر) ، شاہجہاں بیگم ( آصف نگر ) ، شیخ صلاح الدین ( مشیرآباد رام نگر ) ، محمد مستان ( فاروق نگر فلک نما ) ، ذکیہ بیگم ( فاروق نگر فلک نما) ، محمد علی (ٹپہ چبوترہ جھرہ) ، رحیم النساء ( صنعت نگر بالانگر ) ، غوثیہ بیگم ( نٹراج نگر ٹپہ چبوترہ ) ، اختر بیگم ( نلہ کٹہ ودیا نگر ) ، شیخ نصیر الدین ( نلکہ کنٹہ ودیا نگر ) ، محمد عبدالقدیر ( جھرہ آصف نگر ) ، عمیرہ نازنین ( مغل نگر لنگر حوض ) ، صبیحہ سلطانہ ( مغل نگر لنگر حوض ) ، عبدالغنی احمد صاحب ( ہبلی کرناٹک ) ، رضوانہ بیگم ( ودیا نگر مشیرآباد ) ، عرفان احمد ( لنگر حوض کاروان ) ، پروین بیگم ( سلیمان نگر راجندر نگر ) ، محمد سہیل ( فلک نما وٹے پلی ) ، شیخ زین الدین ( نلہ کنٹہ ودیا نگر ) ، فرحانہ سلطانہ ( ودیا نگر نلکہ کنٹہ ) ۔
ردا تزین ( نلہ کنٹہ ودیا نگر ) ،فرحین بیگم ( کشن نگر آصف نگر ) ، تسمیہ تحرین ( ودیا نگر نلہ کنٹہ ) ، محمد منظور ( کشن نگر ٹپہ چبوترہ ) ، محمد شاہ زین احمد ( ودیا نگ مشیرآباد ) ، اِذعان احمد ( مغل نگر لنگر حوض ) ، حمدان احمد ( مغل نگر لنگر حوض ) ، سید حزیفہ جعفر ( نارائن گوڑہ حمایت نگر ) ، ذہین بیگم ( کشن نگر آصف نگر ) ، شبانہ بیگم ( حمایت نگر ) ، انیس فاطمہ ( موسیٰ رام باغ ملک پیٹ ) ، امینہ بیگم ( موسی رام باغ ملک پیٹ ) ، سلیم خان ( مصری گنج شاہ علی بنڈہ ) ، محمد شعیب الرحمن ( شیخ پیٹ ٹولی چوکی ) ، رئیس بیگم ( گولکنڈہ ) ، عمیزہ فاطمہ ، ثناء سلطان ، عزیر الدین شیخ اور مہریش فاطمہ( ودیا نگر نلہ کنٹہ )کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ محمد عبدالشعیب زخمی ہے ۔ حادثہ پر جوائنٹ کمشنر پولیس تفسیر اقبال نے کہا کہ جاں بحق 43 افراد کا تعلق حیدرآباد سے ہے ، 2کا تعلق سائبرآباد اور ایک کا کرناٹک ہبلی سے بتایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ کے بعد تلنگانہ پولیس بالخصوص سٹی پولیس سے مہلوکین کے مکانات کی نشاندہی کی گئی اور ان کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی ۔ حیدرآباد پولیس سے نئی دہلی تلنگانہ بھون میں قائم کئے گئے کنٹرول روم اور وزیر خارجہ کے جدہ کے قونصل خانہ سے بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے اور مسلسل تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کا شکار ہونے والی بس نے مدینہ منورہ سے 25 کلومیٹر قریب آئیل ٹینکر کو ٹکر دے دی تھی جس میں ایک کے سواء تمام زائرین جاں بحق ہوگئے ۔