ریاض ؍ لندن: سعودی عرب اور برطانیہ کے وزرائے دفاع نے جمعرات کو ایک ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شرقِ اوسط میں استحکام لانے کی کوششوں پر گفتگو کی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریاض میں شہزادہ خالد بن سلمان اور جان ہیلی نے سعودی۔ برطانوی تزویری شراکت داری پر بات چیت کی اور دفاعی تعاون بڑھانے کے راستے تلاش کیے گئے۔ شہزادہ خالد نے کہا کہ ہم نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی مشترکہ کوششوں کے ساتھ ساتھ علاقائی و بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے اپنے مشترکہ وڑن پر بھی بات کی۔ گفتگو سے پہلے برطانوی وزارتِ دفاع نے کہا کہ ہیلی مستقبل میں سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعلقات کیلئے برطانیہ کے عزم کی تصدیق کریں گے۔ سکریٹری دفاع مشترکہ سکیورٹی ترجیحات پر تعاون میں اضافے کیلئے (ممالک) کے درمیان عشروں پر محیط دفاعی تعلقات کی بنیاد پر بات کریں گے۔ جولائی میں انتخاب میں لیبر پارٹی کی کامیابی کے بعد وزیرِ دفاع بننے والے جان ہیلی کا یہ ریاض کا پہلا دورہ ہے جس کے دوران ان کی جانب سے شہزادہ خالد کے ساتھ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے طے کرنے کیلئے جاری کوششوں پر بھی بات چیت کی توقع ہے۔قبل ازیں جمعرات کو ہیلی نے انقرہ میں نیٹو کے اتحادی ملک ترکی کے ہم منصب یاسار گولر سے ملاقات کی۔