سعودی آرامکو کی انتہائی پیداواری صلاحیت نومبر کے اختتام تک دوبارہ حاصل ہو جائے گی

   

ریاض۔9 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر امین الناصر نے باور کرایا ہے کہ کمپنی اپنی زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت کے دوبارہ حصول کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے اختتام تک ارامکو کی یومیہ پیداوار ایک بار پھر 1.2کروڑ بیرل تک پہنچ جائیگی۔ اس سے قبل سعودی آرامکو نے 14 ستمبر کو اپنی تیل کی دو تنصیبات پر حملوں کے بعد پیداواری صلاحیت کو توقع سے زیادہ جلدی عرصے میں بحال کیا اور یومیہ 1.13 کروڑ بیرل کا ہدف پھر سے حاصل کر لیا تھا۔گذشتہ ماہ ابقیق اور خریص کے علاقوں میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہو گیا تھا۔ اس کے علاوہ تنصیبات کو پہنچنے والے شدید نقصان کے سبب دنیا میں سب سے زیادہ تیل برآمد کرنے والے ملک کی یومیہ پیداوار کم ہو کر نصف یعنی 57 لاکھ بیرل رہ گئی تھی۔