سعودی بس سانحہ ‘ شعیب کرشماتی طور پر محفوظ

   

حادثہ پر شیشہ توڑ کر باہر کود پڑے ۔ دواخانہ میں زیر علاج
حیدرآباد17 نومبر (سیاست نیوز) سعودی عرب میں پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثہ میں جہاں 45 افراد شہید ہوگئے وہیں نٹراج نگر، جھِرہ کے ساکن 24 سالہ محمد عبدالشعیب جو کرشماتی طور پر محفوظ رہے ۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب عمرہ زائرین کو منتقل کرنے والی ایک مسافر بس میں آگ لگ گئی۔ عبدالشعیب اپنے والد محمد عبدالقادر، والدہ غوثیہ بیگم اور نانا محمد مولانا کے ساتھ سفر کر رہے تھے، تاہم یہ تینوں حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق عبدالشعیب جو حیدرآباد میں ایک انٹیریئر ڈیزائننگ کمپنی میں کام کرتے ہیں کرشماتی طور پر بچ گئے۔ حادثہ کے وقت وہ ڈرائیور کی کیبن کے قریب بیٹھے تھے، جیسے ہی بس حادثہ کا شکار ہوکر آئیل ٹینکر کو ٹکر دیدی جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی تب انہوں نے کھڑکی کا شیشہ توڑ کر باہر چھلانگ لگا دی اور زخمی ہوگئے۔خاندان کے ذرائع مطابق زخمی عبدالشعیب کو فوری طور پر سعودی جرمن ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کیا گیا۔ خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وہ اب خطرہ سے باہر ہیں ۔ اس واقعہ پر نٹراج نگر کے رہائشیوں اور مرحومین کے عزیز و اقارب نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔