ریاض ۔ 26 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں خواتین خوشی سے پھولے نہیں سما رہی ہے کیونکہ ان کے پاسپورٹ حاصل کرنے کا طریقہ اب صرف 15 منٹ میں مکمل ہوجائے گا ۔ سعودی گزٹ سے بات کرتے ہوئے مکہ ریجن میں ڈائرکٹر آف پاسپورٹس میجر جنرل عابد الحارثی نے بتایا کہ پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے سعودی شہریوں کی درخواستوں میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے اور خواتین آگے ہیں ۔ تمام پاسپورٹ سنٹرس ان تمام شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے میں مشغول ہیں جو 21 سال سے زائد عمر کے ہیں۔ ا یسے افراد کے لئے کوئی تحدیدات نہیں ہیں۔ ماضی میں صرف مرد حضرات کو ہی پرمٹ کے بغیر سفر کرنے کی اجازت تھی لیکن خواتین کیلئے سرپرست (شوہر ، والد یا بھائی) کی موجودگی ضروری تھی ۔ اب 21 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو کسی سرپرست کی موجودگی کی ضرورت نہیں ہے۔