حج کمیٹی آف انڈیا کے سرکولر کی اجرائی
حیدرآباد۔8۔مئی (سیاست نیوز) حج 2023 ء کے عازمین حج کو ریال کی خریدی کے لئے پیان کارڈ کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے سرکولر جاری کرتے ہوئے 50 ہزار روپئے سے زائد رقم کی بیرونی کرنسی کی خریدی کیلئے پیان کارڈ پیش کرنے کی شرط کا حوالہ دیا۔ محکمہ انکم ٹیکس کے قوانین کے مطابق کسی بھی ملک کی کرنسی 50 ہزار ہندوستانی روپئے سے زائد کی خریدی کی صورت میں پیان کارڈ کی پیشکشی لازمی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ ہنگامی طور پر اپنے پیان کارڈ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کور نمبر کے سربراہ کے پاس کم از کم پیان کارڈ ہونا چاہئے یا پھر کور میں شامل کسی ایک عازم کے پاس پیان کارڈ ضروری ہے۔ سعودی ریال کے حصول میں دشواری سے بچنے کیلئے پیان کارڈ حاصل کرنا چاہئے ۔ عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران کیاش اور فارن ٹراویل کارڈ کا استعمال کریں ۔ اسی دوران تلنگانہ عازمین کیلئے مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت کے سلسلہ میں ٹرسٹی فیض خاں نے ناظر رباط حسین محمد شریف سے ربط قائم کیا۔ ناظر رباط سے خواہش کی گئی کہ وہ کم از کم 500 عازمین کیلئے رباط کی سہولت فراہم کرنے کیلئے تصریح کے حصول کی مساعی کریں ۔ فیض خاں نے صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کو بتایا کہ ناظر رباط نے تصریح کے حصول کا تیقن دیا ہے ۔ر