سعودی صوبہ حیل میں 1000 قبل مسیح کے آثار دریافت

,

   

ریاض ۔ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں قومی ورثہ اور سیاحت کی جنرل اتھاریٹی نے صوبہ حیل میں آثارقدیمہ کی اہمیت کے حامل مقام کا پتہ چلایا ہے جس کا تعلق 1000 سال قبل مسیح سے بتایا گیا ہے۔ یہ مقام حیل کے مغرب میں تقریباً 205 میٹر اور واقع الشمالی ضلع کے شمال مغرب میں ہے۔ جنرل اتھاریٹی کے ڈائرکٹر جنرل انجینئر زیاد المہول نے کہا ہیکہ حالیہ دریافت سے حیل میں آثارقدیمہ کے خزانوں میں ایک بڑا اضافہ ہے جو فروغ سیاحت میں معاون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام کو سیاحوں کے استقبال کیلئے تیار کرنے کیلئے جنرل اتھاریٹی توجہ مرکوز کرے گی۔ دوسری جانب سے آثارقدیمہ کے ورثے کی دیکھ بھال کے شعبہ کے سربراہ اور ماہر سعدالروسیان نے کہا کہ مذکورہ مقام پر نرم ریت اور چٹانیں پائی جاتی ہیں۔ ان چٹانوں پر کئی تصاویر اور نقوش کندہ ہیں۔ نیز دیگر کئی بہترین حاکے ہیں جو گھوڑوں اور اونٹوں کی تصاویر پر مبنی ہیں۔ صوبہ حیل کے ان مقامات پر قدیم تاریخ کے سمودی دور کی تحریریں اور نقوش بھی پائے گئے ہیں۔