سعودی عرب بس سانحہ پر جناب زاہد علی خاں کا اظہار رنج

   

ایڈیٹر سیاست کا پسماندگان سے اظہار تعزیت اور صبر کی تلقین
حیدرآباد 17 نومبر (سیاست نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے سعودی عرب میں حیدرآبادی معتمرین کی بس کے اندوہناک حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ تقریباً 44 معتمرین کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں نے زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کے لئے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ مقدس فریضہ کی تکمیل کے بعد حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے معتمرین مدینہ منورہ کی حاضری کیلئے درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے عقیدت کے ساتھ مدینہ کی سمت رواں دواں تھے۔ مدینہ منورہ سے قریب آئیل ٹینکر سے بس ٹکرا گئی جس میں تقریباً 44 معتمرین کے جاں بحق ہوئے ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ حجاج کرام اور معتمرین اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور اس مقدس سفر میں جاں بحق ہونا دراصل شہادت کا درجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کو شہادت عظمیٰ کا درجہ عطا کرتے ہوئے اعلیٰ درجات سے نوازے گا۔ جناب زاہد علی خاں نے حیدرآباد کے ایک ہی خاندان کے 18 افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین کے علاوہ کمسن بچے شامل ہیں اور اس واقعہ نے سارے حیدرآباد کو رنج و غم میں مبتلا کردیا ہے۔ چند خاندانوں کے کئی افراد کے جاں بحق ہونے سے جو صدمہ پہنچا، اس کا احساس صرف متاثرہ خاندانوں کو ہوسکتا ہے۔ رنج و غم کی اس گھڑی میں پسماندگان کو صبر کا دامن تھامے رکھنا ہوگا اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحومین کے اعلیٰ درجات کیلئے دعا کرنی چاہئے ۔ جناب زاہد علی خاں نے حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد پر زور دیا اور کہا کہ ایکس گریشیا کے علاوہ بھی خاندانوں کی تعلیمی ، معاشی اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل کے لئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ جناب زاہد علی خاں نے آخر میں پسماندگان سے قلبی تعزیت کا اظہار کرکے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ صبر جمیل عطا کرے اور لواحقین کو بہتر جزاء سے نوازے۔1