سعودی عرب سے پاکستان کو 3 بلین ڈالرز وصول

   

اسلام آباد: پاکستان کے مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 3 بلین ڈالرز کے ڈیپازٹ پاکستان کے مرکزی بینک کو موصول ہوگئے ہیں۔اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’اچھی خبر، سعودی عرب سے تین بلین ڈالرز بطور ڈیپازٹ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ وہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکت سعودی عرب کے مشکور ہیں۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ تین ارب ڈالر کے ذخائر پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے پچھلے ماہ 29 تاریخ کو سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 4.2 بلین ڈالرز کے دو اقتصادی معاہدوں پر دستخظ کیے تھے۔اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پہلے معاہدے میں مملکت کی طرف سے پاکستان کے مرکزی بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کی مدد کے لیے تین بلین ڈالرز ڈپازٹ شامل ہے، تاکہ کورونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات میں مدد ملے۔اس معاہدے پر پاکستان کے مرکزی بینک کے گورنر جناب رضا باقر اور فنڈ کے سی ای او نے کراچی میں قونصل جنرل بندر بن فہد الدایل کی موجودگی میں دستخط کیے تھے۔دوسرا معاہدہ 1.2 بلین ڈالر کا تھا جو کہ پٹرولیم مصنوعات کی تجارت کے لئے مختص ہے۔