ریاض: سعودی عرب نے حج سیزن سے قبل رہائشیوں اور جی سی سی کے شہریوں کے لیے عمرہ پرمٹ معطل کر دیے ہیں۔ خلیجی میڈیا کے مطابق منگل سے سعودی شہری، رہائشی، جی سی سی کے شہری اور مملکت کے اندر دیگر قسم کے ویزا رکھنے والے نسک پلیٹ فارم کے ذریعہ عمرہ کے اجازت نامہ حاصل نہیں کر سکیں گے کیونکہ سعودی عرب آئندہ حج سیزن کی تیاری کیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا کہ یہ معطلی 29 اپریل 2025 (1 ذی القعدہ 1446 ہجری) سے شروع ہوگی اور 10 جون 2025 (14 ذوالحجہ 1446 ہجری) تک جاری رہے گی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق صرف حج کارکنان، مکہ مکرمہ کے رہائشیوں اور درست حج پرمٹ رکھنے والوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ 29 اپریل سے حج ویزا کے بغیر کسی کو بھی شہر میں داخل ہونے یا رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سعودی وزارت نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی سزا دی جائے گی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی پروازیں اگلے ہفتہ سے سعودی عرب پہنچنا شروع ہوجائیں گی۔