جدہ: سعودی عرب کے مغربی علاقے جیزان کے قریب ایک سڑک حادثے میں 9 ہندوستانی شہری ہلاک ہو گئے۔ جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے نے چہارشنبہ کو اس خبر حادثہ کی تصدیق کی۔ تاہم فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ مرنے والوں کا تعلق کس ریاست سے ہے۔ قونصل خانے نے متاثرہ خاندانوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔ مدد کیلئے ایک خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔ ہندوستانی مشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم سعودی عرب کے مغربی علاقے جیزان کے قریب ہونے والے اس المناک حادثے میں 9 ہندوستانی شہریوں کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے نے حکام اور متاثرہ خاندانوں سے مسلسل رابطہ رکھا ہوا ہے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ کسی بھی مدد کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں، جن میں 8002440003 (ٹول فری)، 0122614093، 0126614276، اور 0556122301 (واٹس ایپ) شامل ہیں۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا۔ میں نے جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل سے بات کی ہے، جو متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں مکمل مدد فراہم کر رہے ہیں۔وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق، سعودی عرب میں 25,92,166 غیر مقیم ہندوستانی، 2,781 ہندوستانی نڑاد افراد، اور مجموعی طور پر 25,94,947 بیرون ملک مقیم ہندوستانی موجود ہیں۔