سعودی عرب میں قرأت اور اذان کا عالمی مقابلہ

   

ریاض ۔20 جولائی۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں حکومت کی جنرل تفریحی اتھارٹی نے قرأت قرآن اور اذا ن کے عالمی مقابلوں کا اعلان کیا ہے جس میں اول مقام حاصل کرنے والے کو بالترتیب پانچ ملین ریال اور دو ملین ریال بطور انعام دئے جائیں گے ۔جنرل تفریحی اتھارٹی(الھیئتہ العامتہ للترفیہ) کے چیئرمین ترکی الشیخ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان مقابلوں میں اب تک 162ملکوں کے 21000سے زائد شرکاء اپنے ناموں کا اندراج کراچکے ہیں۔ ان میں قرأت کے مقابلے کیلئے گیارہ ہزار اور اذان کے مقابلے کیلئے نو ہزار سے زائد شرکاء شامل ہیں۔ ان دونوں ملکوں کیلئے رجسٹریشن کا سلسلہ جولائی کے اواخر تک جاری رہے گا۔ دونوں مقابلوں میں حصہ لینے کے خواہشمند http://qurana thanawards.com پر لاگ ان کرکے رجسٹر یشن کراسکتے ہیں۔درخواستوں کی شارٹ لسٹنگ 23 اگست کو کی جائے گی اور 24 اگست سے 24 ستمبر تک مقابلوں کے ابتدائی مراحل منعقد کئے جائیں گے جب کہ فائنل مقابلے 25ستمبر سے 24اکتوبر کے درمیان ہوں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مقابلوں کا مقصد اسلامی دنیا کے ثقافتی تنوع سے آگاہ کرنا ہے ۔