اگزٹ ری انٹری: ملازمت ، اقامے ، ویزٹ ویزا ہولڈرز غیر ملکیوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت
ریاض : سعودی عرب نے آج اعلان کیا کہ سعودی عرب آنے اور جانے کیلئے شہریوں پر عائد تمام پابندیوں کو مکمل طورپر ہٹادیا جائے گا ۔ تمام بری ، بحری اور سمندری راستوں کو کھول دیا جائے گا ۔ تمام ایرپورٹس بھی یکم جنوری 2021 ء سے کھول دیئے جائیں گے ۔ کورونا وائرس سے متعلق تمام احتیاطی اقدامات اور پروٹوکول کو ملحوظ رکھتے ہوئے عمرہ ویزا کا بھی عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ وزارت داخلہ اس خصوص میں علحدہ بیان جاری کرے گی اور عمرہ کی بحالی کا بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا ۔ وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ سعودی شہری بیرونی ممالک سے آسکیں گے اور جاسکیں گے ۔ جبکہ خروج وعودہ ویزے پر موجود غیر ملکیوں کو سعودی عرب واپس آنے کی اجازت ہوگی۔ خروج وعودہ (اگزٹ ری انٹری) ، ملازمت ، اقامے ، ویزٹ ویزا ہولڈرز غیر ملکیوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔ کورونا وائرس سے نمٹنے اور متعدد ملکوں میں کووڈ ۔19 کی دوسری لہر کے اندیشے اور ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے اس سال 2020 ء کے آخر تک سفری پابندیاں برقرار رہیں گی ۔ سعودی شہریوں اور غیر مقیم شہریوں کی صحت و سلامتی کی خاطر حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی ہٹانے کی صورت میں ایرپورٹس ، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر طبی عملہ کو تعینات کیا جائے گا ۔ آئندہ آنے والے مہینوں میں کورونا کے ممکنہ خطرات اور ویکسین منظر عام پر آنے کے امکانات اور صحت عامہ کیلئے خطرات ٹل جانے کے پیش نظر ہی حکومت نے فیصلوں کی منظوری دی ہے ۔