سعودی عرب کا امدادی کانفرنس میں سوڈانی عوام کی حمایت کا دوبارہ اعلان

   

ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کے روز سوڈانی عوام کیلئے مملکت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا ملک سوڈانیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔وہ سوموار کو ویڈیو کال کے ذریعے سوڈان سے متعلق امدادی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔شہزادہ فیصل نے کہا کہ سوڈانی عوام تشدد سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے فوری مدد کے منتظر ہیں۔اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ سوڈان غیر معمولی رفتار سے موت اور تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔انھوں نے عطیہ دہندگان پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور اس تباہی کو روکیں۔شہزادہ فیصل نے جدہ مذاکرات کے ایک حصے کے طور پر متحارب فریقوں کے درمیان سعودی عرب اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سوڈان کی موت اور تباہی کی رفتار بے مثال ہے۔مضبوط بین الاقوامی حمایت کے بغیر، سوڈان تیزی سے لاقانونیت کا گڑھ بن سکتا ہے، جس سے پورے خطے میں عدم تحفظ پھیل سکتا ہے۔سوڈان میں عبدالفتاح البرہان کی سربراہی میں فوج 15 اپریل سے اپنے سابق نائب محمد حمدان دقلو کے زیرکمان نیم فوجی دستوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔اس لڑائی کے دوران میں متعدد مرتبہ جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا اوراسے توڑا گیا ہے۔اس خانہ جنگی میں 2،000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوسکے ہیں اور مزید 20 لاکھ افراد کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا گیا ہے۔ان میں کم سے کم 528،000 بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں۔