ریاض ۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام )سعودی کابینہ نے لیبیا کے تمام برسر پیکار فریقوں سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ بحران کے حل کے لیے مصری کاوشوں کی تائید و حمایت کا اعادہ بھی کیا۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق عید الفطر کے بعد کابینہ کا پہلا آن لائن وڈیو اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا ہے۔سعودی کابینہ نے لیبیا میں جنگ بند کروانے اور بحران کے سیاسی حل کے لیے عالمی مساعی کو سراہتے ہوئے لیبیا کے تمام فریقوں سے کہا کہ وہ قومی مفاد کو سب سے اوپر رکھیں اورجنگ فوری طور پر بند کریں۔کابینہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سائبان تلے فوری جامع سیاسی مذاکرات شروع کریں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ ان کی صحت و سلامتی ریاست کی پہلی ترجیح ہے۔ کابینہ نے تاکید کی تمام سعودی شہری اور غیرملکی کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کی پابندی کریں اور سماجی فاصلے کا احترام کریں۔