ریاض ۔17؍جولائی ( ایجنسیز ) سعودی عرب کے ادارے جنرل اتھارٹی فار اسٹیٹسٹکس کے ڈیٹا میں انکشاف کیا گیا ہے کہ2024 میں سعودی عربیہ کی مکمل آبادی ساڑھے تین کروڑ سے زائد تھی۔ ایک تخمینہ کے مطابق 2023کے مقابلہ میں مملکت کی آباد ی میں 1.6ملین کا اضافہ ہوا ہے۔ مکمل آبادی میں اکثریت 65 سال سے کم عمرکے افراد کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل اتھارٹی فار اسٹیٹسٹک (جی اے ایس ٹی اے ٹی) کی جانب سے جاری کئے گئے نئے ڈیٹا میں انکشاف کیا گیا ہیکہ2024 میں سعودی عرب کی مکمل آبادی 35.3ملین ہوچکی تھی۔ ڈیٹا کے مطابق مکمل آبادی میں سے 55.4 فیصد سعودی کے باشندے ہیں جبکہ غیر سعودی آبادی44.4 فیصد ہے۔ اعداد و شمار میں صنفی عدم توازن کا بھی انکشاف کیا گیا ہے جہاں مکمل آبادی میں مردوں کا فیصد62.1 جبکہ خواتین37.9 فیصد ہیں۔مکمل آبادی میں15سال سے64سال تک کے افراد کی آبادی74.7فیصد، صفر سے14سال کی عمر کے بچوں کی آبادی22.5 فیصد ہے جبکہ 65یا اسے سے زیادہ عمر کے معمر افراد کی آبادی صرف 2.8 فیصد ہے۔ سعودی عربیہ پاپیولیشن۔ فگرز اینڈ اسسٹین ایبل امپیکٹ کے نام سے جاری کئے گئے ڈیٹا میں سعودی سلطنت کی آبادیاتی طاقت کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں نوجوانوں کی آبادی معاشی ترقی میں مضبوط بنیاد ثابت ہوسکتی ہے جبکہ تعلیم، ٹریننگ اورانسانی ترقی میں جاری سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔