سعودی ولیعہد کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات

   

ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ روبیو کل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان آئندہ سربراہی اجلاس کے معاملات کو ترتیب دینے کی تیاریوں کے سلسلے میں ریاض کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا یہ دورہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی موجودگی میں یوکرین پر امن مذاکرات شروع کرنے پر رضامندی کے بعد کیا جارہا ہے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریاض میں اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ دونوں وزرا نے دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ریاض میں غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد کا موقع ایک بااثر ملک کے طور پر سعودی عرب کی پوزیشن کو مضبوط کر رہا ہے۔ اس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ سعودی عرب کا اثر و رسوخ خطے سے باہر دنیا تک پھیلا ہوا ہے۔ بین الاقوامی میدان میں اپنا سیاسی وزن ڈالنے کیلئے مسائل کی حقیقت کا پتہ لگانے اور بحرانوں کے بنیادی حل تجویز کرنے کیلئے سعودی قد کاٹھ میں اضافہ ہوا ہے۔سعودی عرب نے 12 فروری 2025 کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ہونے والی فون کال کی تعریف کی تھی۔ سعودی عرب میں ان دونوں کو اکٹھا کرنے کیلئے سربراہی اجلاس کے انعقاد کے امکان کا اعلان کیا تھا۔