سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیخلاف ٹرمپ کے نازیبا الفاظ افسوسناک

   

اسلام آباد۔29 مارچ ( ایجنسیز) چیرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے بارے میں نازیبا الفاظ کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے یہ ریمارکس افسوسناک اور غیر مناسب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد ایک بہادر اور مدبر رہنما ہیں، جو صبر و تحمل رکھتے ہیں اور عالمی سازشوں کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق محمد بن سلمان ایران کے خلاف جنگ کے حامی نہیں بلکہ خطے میں امن کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پوری مسلم دنیا غم و تشویش کی کیفیت میں ہے۔علامہ اشرفی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکی خطے میں امن کے قیام کیلئے سرگرم ہیں جبکہ امریکہ اور صہیونی لابی اس وجہ سے ان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے کیونکہ یہ ممالک ان کے مفادات کیلئے استعمال نہیں ہو رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی میڈیا اور بعض عالمی رہنماؤں کی خواہش کے باوجود عرب دنیا اس جنگ کا حصہ نہیں بنے گی۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے میامی میں سعودی انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حوالے سے نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد بن سلمان کو اندازہ نہیں تھا کہ انہیں ان کی تعریف کرنا پڑے گی اور وہ سمجھتے تھے کہ ٹرمپ بھی سابق امریکی صدور کی طرح کمزور قیادت کے حامل ہوں گے۔