سعودی کھلاڑی کاریمان نے روئنگ چمپئین شپ جیت لی

   

ریاض ۔سعودی رنر کاریمان ابو الجدایل نے روئنگ میں جی سی سی کی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریاض سی اسپورٹس کلب میں کایاک، روئنگ اور بادبانی کمیٹی نے الرجومیز ہالز میں روئنگ کی پہلی جی سی سی چمپیئن شپ کا انتظام کیا تھا۔کاریمان ابو الجدایل نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ سعودی لڑکی کاریمان ابو الجدایل نے کامیابی سے پوری عرب دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔سعودی رنر نے لیڈیز اسپورٹس کی تاریخ میں اپنی الگ پہچان بنا لی ہے۔ جی سی سی ممالک کی سطح پر روئنگ چمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔کاریمان ابو الجدایل سعودی،کویتی، اماراتی، بحرینی اور عمانی قومی ٹیموں کے ساتھ مقابلے میں شریک ہوئیں۔ مقابلے چار زمروں میں ہوئے۔ یاد رہے کہ کاریمان ابو الجدایل 2016 سمر اولمپک گیمز میں سو میٹر خواتین کی دوڑ کے مقابلے میں شرکت کر چکی ہیں۔ وہ پہلی سعودی لڑکی ہے جنہوں نے اس قسم کے مقابلے میں حصہ لیا تاہم انہیں پہلے راؤنڈ میں 49.61 سیکنڈز پر 8 ویں مقام کے بعد مقابلے سے باہر ہونا پڑا تھا۔کاریمان 1994 میں پیدا ہوئیں۔ ریاض کے اسلامک ٹریننگ اسکول سے تعلیم کے بعد امریکی شہر بوسٹن کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی سے سیول انجینیئرنگ میں بی ٹیک اور ایم ٹیک کیا۔ان دنوں وہ کنگ فیصل یونیورسٹی ریاض میں تدریس کے شعبے سے منسلک ہیں۔کاریمان نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ بچپن سے ہی کھیل میں دلچسپی تھی۔ والدہ ثریا الشہری نے جومعروف مصنفہ ہیں میری حوصلہ افزائی کی۔ بچپن میں کھانا پینا اور انواع و اقسام کے کھانوں کا انتخاب میرا دلچسپ مشغلہ تھا۔ والدہ وزن کم کرنے کے لیے مجھے ہر اس کھیل کی اجازت دے دیتی تھیں جس میں میں دلچسپی دکھاتی تھی۔