سعودی کی جانب سے اسرائیل کی فلسطین میں بالادستی مسترد

,

   

ریاض۔22 مئی(سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزارت خارجہ نے مغربی کنارے کے فلسطینی علاقوں کو اسرائیلی خود مختاری میں شامل کرنے اور ان پر اسرائیلی بالادستی کا قانون نافذ کرنے سے متعلق اسرائیلی ا سکیموں اور اقدامات کو مسترد کردیا۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ مملکت اپنے غیر متزلزل موقف پر قائم ہے۔ سعودی عرب دو طرفہ تنازعات کی بابت یکطرفہ کارروائی کی مذمت کرتا ہے۔بین الاقوامی قانونی قراردادوں کی ہر خلاف ورزی کو غلط سمجھتا ہے اور مملکت کو یقین ہے کہ غرب اردن کے فلسطینی علاقوں کو اسرائیلی خودمختاری میں شامل کرنے سے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے امن عمل کی بحالی کے مواقع سبوتاج ہوں گے۔سعودی وزارت خارجہ نے فلسطینی عوام سے متعلق مملکت کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے سے متعلق فلسطینی عوام کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔سعودی دفتر خارجہ نے اس امر پر زور دیا کہ مملکت فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان بین الاقوامی قانونی نظام کے مطابق امن مذاکرات شروع کرانے کے لیے جاری کاوشوں کے ساتھ ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ایسا جامع منصفانہ حل طے پائے جو فلسطینی بھائیوں کی امنگوں کو پورا کرتا ہو۔