سعودی کے ریستورانوں میں مینو کی فہرست میں کیلوریز درج کرنا بھی لازمی

   

ریاض۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھاریٹی
(SFDA)
کی جانب سے شروع کئے گئے ایک اہم قدم کے بعد ریستورانوں اور کیفیز میں کھانے پینے کی اشیاء کا جو بھی مینو ہوگا، اس میں فراہم کی جانے والی غذاؤں میں کیلوریز کے تناسب کو بھی دکھانا پڑے گا جس کا اطلاق یکم جنوری 2019ء سے ہوچکا ہے۔ اس اہم قدم کو وزارت بلدیہ اور دیہی اور کنزیومر پروٹیکشن اسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے لاگو کیا گیا ہے۔ سعودی کی پریس ایجنسی نے یہ رپورٹ دی جس کا مقصد صارفین کی صحت کی حفاظت اور ان میں اشیائے خوردنی اور مشروبات میں موجود غذائیت کی مقدار سے متعلق بیداری پیدا کرنا ہے۔ ایس ایف ڈی اے میں بیداری اور معلومات کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبدالرحمن بن السلطان نے کہا کہ ایس ایف ڈی اے کے اس اہم قدم کی پذیرائی کرنے والے ریستورانوں اور کیفیز کے نام ایس ایف ڈی اے کی ویب سائیٹ کے خصوصی صفحہ پر فراہم کئے جائیں گے تاکہ ان ریستورانوں اور کیفیز کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔