سعودی کے نئے وزیر توانائی نے تیل کی پیداوار میں کٹوتی کا اشارہ دیا

   

ابوظہبی ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے نئے وزیر توانائی پرنس عبدالعزیز بن سلمان نے پیر کے روز ایک رپورٹ کے مطابق تیل کی پیداوار میں کٹوتی کئے جانے کا اشارہ دیا جبکہ تیل کی پیداوار کرنے والے ممالک بھی تیل کی پیداوارمیں کٹوتی کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ اپنے والد شاہ سلمان کی جانب سے ملک کے وزیر توانائی مقرر کئے جانے کے بعد ا پنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی تیل پیداوار کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ اوپیک ممالک کی تیل کی پیداوار کا ایک تہائی تیل سعودی عرب پیدا کرتا ہے ۔ سعودی براڈ کاسٹر العربیہ نے بھی پرنس عبدالعزیز بن سلمان کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تیل کی پیداوار میں ہمارے ستون سمجھی جانے والی پالیسی جوں کی توں برقرار رہے گی۔