سقوط حیدرآباد کے ضمن میں 16 تا18 ستمبر قومی یکجہتی تقاریب کی تیاریاں

   

چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس، باغ عامہ میں کے سی آر قومی پرچم لہرائیں گے، ہر ضلع میں ریالیوں کا منصوبہ
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 16 تا 18 ستمبر ریاست بھر میں یوم قومی یکجہتی تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کردی گئیں۔ 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کی تقریب سرکاری طور پر منانے کا بی جے پی کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا اور آخر کار مرکزی حکومت نے سرکاری طور پر یہ تقریب منانے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی کو حیدرآباد اسٹیٹ کے انضمام کے مسئلہ پر سیاسی فائدہ اٹھانے سے روکنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 16 تا18 ستمبر قومی یکجہتی تقاریب کا فیصلہ کیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ پروگرام کے شایان شان انعقاد میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ سومیش کمار کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ یوم قومی یکجہتی کے موقع پر باغ عامہ میں 17 ستمبر کو قومی پرچم لہرائیں گے۔ وہ بنجارہ اور آدی واسی بھونس کا افتتاح کریں گے۔ نیکلس روڈ سے ریالی منظم کی جائے گی جس میں مختلف فنکار 30 شعبہ جات میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جس میں گونڈ اور لمباڑی ڈانس شامل رہے گا۔ ریالی کے بعد چیف منسٹر جلسہ عام سے خطاب کریںگے۔ طلبہ ، نوجوانوں اور خواتین کی ریالیوں کا اسمبلی حلقہ جات میں 16 ستمبر کو انعقاد عمل میں آئے گا اور ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر 18ستمبر کو کلچرل پروگرامس منعقد ہوں گے۔ اجلاس میں سکریٹری جی اے ڈی شیشادری، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ٹکسٹائیل جوتی بدھا پرساد، سکریٹری قبائیلی بہبود شریمتی کرسٹینا چونگٹو، سکریٹری عمارات و شوارع سرینواس راجو، سکریٹری فینانس رونالڈ راس، ایڈیشنل سکریٹری پروٹوکول ارویندر سنگھ، کمشنر پنچایت راج ہنمنت راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر