سلمان خان سے شادی کی خواہاں24 سالہ لڑکی گرفتار

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ کے سلطان، سوپر اسٹار اداکار سلمان خان کی مداح ان سے شادی کرنے کی خاطر پنویل میں واقع ان کے فارم ہاؤس پہنچ گئی، جسے حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ لڑکی کا دعویٰ ہے کہ وہ سلمان کو بے انتہا چاہتی ہے اور ان سے شادی کی خواہشمند ہے۔ تاہم اس وقت سلمان خان اپنے فارم ہاؤس پر موجود نہیں تھے، وہ ان دنوں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے اٹلی میں موجود ہیں۔ یہ لڑکی سوپراسٹار کی ایک جھلک دیکھنے کی امید میں پنویل فارم ہاؤس کے ارد گرد منڈلاتی رہی، اس کی مشکوک حرکتیں دیکھ کر آس پاس کے لوگوں نے مقامی پولیس کو اطلاع دی، جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق انہوں نے مذکورہ لڑکی کو کونسلنگ کے لیے ایک این جی او کے حوالے کردیا ہے، جس نے اسے نفسیاتی علاج کے لیے مقامی دواخانہ سے رجوع کروایا ہے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سلمان خان کو لارنس بشنوئی کے گینگ کی جانب سے جان لیوا دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ حال ہی میں اداکار کو ان کی گاڑی میں قتل کرنے کا منصوبہ ممبئی پولیس نے ناکام بنایا ہے۔ پولیس کے مطابق لارنس بشنوئی کے گینگ کے 4 لوگ سلمان خان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم ممبئی پولیس نے پنویل سے چاروں ملزمان کوگرفتار کیا۔