سلمان خان کے کالے ہرن مقدمہ میں ہائی کورٹ کی سماعت

   

جے پور، 23 ستمبر (اے آئی این ایس) راجستھان ہائی کورٹ نے سلمان خان کے کالے ہرن شکار مقدمہ میں دو اہم درخواستوں کی سماعت کی۔ ایک درخواست سلمان خان نے اپنی سزا کے خلاف اپیل کیلئے دائرکی تھی، جبکہ دوسری ریاستی حکومت نے دیگر شریک ملزمان کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت (لیو ٹو اپیل) طلب کی۔ یہ مقدمہ اکتوبر 1998 کا ہے جب فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان پرکالے ہرن کا شکار کرنے کا الزام لگا تھا۔ 5 اپریل 2018 کو جے پورکی سی جے ایم عدالت نے سلمان خان کو وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت پانچ سال قید اور25,000 روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ دیگر پانچ شریک ملزمان سیف علی خان، تبو، سونالی بیندرے، نیلم اور دشنیت سنگھ شواہد کی کمی کے باعث بری ہوگئے۔ عدالت نے آج کی سماعت کو پبلک پراسکیوٹر کی وقت کی درخواست پر آٹھ ہفتے کیلئے ملتوی کردیا۔ اگلی سماعت میں دونوں درخواستوں پر مزید دلائل ہوں گے۔ بشنوئی کمیونٹی، جوکالے ہرن کو مقدس مانتی ہے، اس مقدمہ میں انصاف کے حصول میں نمایاں رہی اور شکار کے مقام پر یادگار بھی تعمیرکروائی گئی ہے۔