ممبئی : بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ کے معاملے میں پولیس نے ہریانہ کے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس اس مشتبہ شخص سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ پولیس کی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں شوٹر اس کے ساتھ واقعہ سے پہلے اور بعد میں رابطے میں تھے۔پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ حراست میں لیا گیا شخص لارنس بشنوئی گینگ اور شوٹروں کے درمیان رابطے کا کام کر رہا تھا۔ پولیس اب اس جرم میں تفتیش کر رہی ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ ملزم کا تعلق دو گرفتار ملزمان میں سے ایک سے تھا اور وہ واقعے سے پہلے اور بعد میں مسلسل رابطے میں تھے۔دونوں ملزمان نے 4 لاکھ روپے مالیت کی سپاری اٹھا رکھی تھی۔ ابتدائی طور پر ایک لاکھ روپے دیے گئے تھے، باقی 3 لاکھ روپے کام مکمل ہونے کے بعد ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اتوار 14 اپریل کی صبح سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تھی۔ تاہم فائرنگ کرنے والے اب پولیس کی حراست میں ہیں۔